وزیرِ اعظم سے کرغزستان کے اعلیٰ سطح وفد س کی ملاقات، دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

اسلام آباد (آن لائن)وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آئی جی سی میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے بھرپور کوششیں کرے گا اور ان معاہدوں کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے انہیں موٴثر اور بروقت ترجیح دے گا ۔ وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے کرغزستان کے کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین عزت مآب عادل بیسالوف کی قیادت میں کرغزستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔

یہ ملاقات پاکستان کرغزستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن (IGC) کے پانچویں اجلاس کے دوران ہوئی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔وزیرِ اعظم نے ملاقات میں آئی جی سی کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان پروٹوکول اور مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کو ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات تجارت، توانائی، عوامی تبادلوں اور دو طرفہ روابط کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔

وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آئی جی سی میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے بھرپور کوششیں کرے گا اور ان معاہدوں کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے انہیں موٴثر اور بروقت ترجیح دے گا۔ عادل بیسالوف نے پاکستان کی حکومت کی جانب سے کرغزستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ آئی جی سی کے نتائج دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور نتیجہ خیز تعاون کا باعث بنیں گے۔ دونوں رہنماوٴں نے پاکستان اور کرغزستان کے عوام کے باہمی فائدے کے لیے مل کر کام کرنے اور مستقبل میں ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments are closed.