اسلام آباد(آن لائن)صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ دنیا کیلئے ایک سنگین چیلنج ہے جو لاکھوں افراد کو متاثر کرتی ہے‘غربت، تنازعات، لاعلمی اور غیر محفوظ ہجرت انسانی اسمگلنگ کے بنیادی اسباب ہیں‘انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی تعاون، عوامی آگاہی اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر پیغام میں صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہاکہ 30جولائی کو انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ کمزور افراد کے تحفظ اور اس سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے بارے میں شعور اجاگر کیا جا سکے۔
صدر نے کہا کہ 2025 کا موضوع “انسانی اسمگلنگ منظم جرم ہے استحصال کا خاتمہ کریں” واضح کرتا ہے کہ یہ جرم منظم نیٹ ورکس کے ذریعے کیا جاتا ہے،انسانی اسمگلنگ دنیا کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے جو لاکھوں افراد کو متاثر کرتی ہے‘ غربت، تنازعات، لاعلمی اور غیر محفوظ ہجرت انسانی اسمگلنگ کے بنیادی اسباب ہیں۔خواتین، بچے اور پسماندہ طبقات انسانی اسمگلنگ کے سب سے زیادہ متاثرہ گروہ ہیں۔انسانی اسمگلر غیر محفوظ راستوں سے ہجرت کراتے ہیں جو ہر سال سینکڑوں قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی تعاون، عوامی آگاہی اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
پاکستان انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت قوانین، موٴثر اور جدید اقدامات پر عمل پیرا ہے‘پاکستان کی متعلقہ ایجنسیاں انسانی اسمگلرز کے نیٹ ورکس کو توڑنے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں‘پاکستان عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر انسانی اسمگلنگ کے خاتمے اور انسانی استحصال سے پاک دنیا کے قیام کے لیے کوششیں کرتا رہے گا۔
Comments are closed.