حکومت نے ماحول دوست متبادل اقدامات اختیار کرنے کو ترجیح دی ہے،شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے ماحولیات کے عالمی دن پر پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی سے نمٹنے اور پلاسٹک کے استعمال میں کمی لانے کے بارے میں پاکستان کا غیر متزلزل عزم ظاہرکیا ہے۔ ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے پلاسٹک کی آلودگی ختم کرو کے عالمی تصور کے تحت پلاسٹک کے استعمال کی روک تھام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آلودگی سے متاثرہ دنیا کے دس بڑے ممالک میں شامل ہونے کی حیثیت سے پاکستان فوری اقدامات کی ضرورت سے آگاہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے ماحول دوست متبادل اقدامات اختیار کرنے کو ترجیح دی ہے اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے میں پلاسٹک کے امتناع کے قانون پر سرگرمی کے ساتھ کام کررہی ہے۔مجوزہ قانون ایک جامع لائحہ عمل پر مشتمل ہوگا اور ایک بار استعمال شدہ پلاسٹک کو دوبارہ ناقابل استعمال بنانے کے لئے نظام الاوقات فراہم کیا جائے گا جس میں ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کی تیاری میں کمی اور پھر پابندی عائد کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔

پاکستان میں پلاسٹک کے فضلے میں کمی کے لئے وفاقی حکومت کے عزم کے اظہار کے طور پر شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں ایک مرتبہ استعمال ہونے والی پلاسٹک کا استعمال روکنے کی ہدایت کی اور موسمیاتی تبدیلی کی وزات ، وفاقی وزارتوں اور ڈویڑنوں میں پلاسٹک کی اشیاء یا پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال روکنے کے لئے اقدامات کرے گی۔وزیراعظم نے شہریوں ، کاروباری افراد، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور ذرائع ابلاغ سمیت تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی سے نمٹنے اور آنے والی نسلوں کیلئے کرہ ارض کے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لئے اپنے عزم کی تجدید کریں۔

Comments are closed.