اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مادرِ وطن کی آزادی کی 78 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں،یہ دن ہمیں اس جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت ہمیں آزادی کی نعمت نصیب ہوئی،آج ہم قائداعظم محمد علی جناح اور تحریکِ پاکستان کے تمام کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پر اپنے پیغام میں کیا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اس سال ہم یومِ آزادی بڑے افتخار اور ایک تازہ اْمید کے ساتھ منا رہے ہیں
،حال ہی میں ہماری قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا،معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ہماری فتح ہماری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی غیر متزلزل قومی عزم، بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور پوری قوم کے اتحاد کا ثبوت ہے،بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں ہم نے تحمل، حکمت اور بھرپور قوت سے اپنے وطن کا دفاع کیا، دنیا نے دیکھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، مگر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے،معرکہ حق میں فتح ہمارے عوام کے لیے نئے اعتماد کا ذریعہ بنی ہے،معرکہ حق میں کامیابی نے قوم کے حوصلے بلند کیے۔ صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے اداروں پر اعتماد مزید مضبوط کیا، پاکستان کے عالمی مقام کو مزید مستحکم کیا، آج دنیا پاکستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھتی ہے جو امن کا خواہاں ہے مگر دباوٴ کے آگے نہیں جھکتا، ہم متحد، یکسو اور ایک مشترکہ مقصد کے لیے پرعزم ہوں تو ہم ہر شعبے میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں
، جذبے کو معاشی بحالی، تعلیمی اصلاحات، تکنیکی ترقی، ادارہ جاتی اصلاحات اور ماحولیاتی تحفظ کی جانب لگانا ہوگا، نظم، جرات اور حکمت بھارت کے خلاف حالیہ کامیابی کا باعث بنی۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ نظم اور حکمت ہی ہمیں غربت کے خاتمے، عوام کے لیے مواقع پیدا کرنے اور ایک منصفانہ اور ہمہ گیر معاشرہ قائم کرنے میں بھی کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہے، بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی کرتے ہیں، کشمیریوں کی جرات، انصاف اور حقِ خودارادیت کی جدو جہد ہمارے دل کے قریب ہے، پاکستان کشمیروں کے حقِ خودارادیت کے حصول تک کشمیروں کو غیر متزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت فراہم کرتا رہے گا، آئیے اس یومِ آزادی کو اپنی تاریخ کا ایک نیا باب بنا کر، اختلافات سے بالاتر ہو کرانصاف، مساوات، ایمان اور خدمتِ خلق پر مبنی ملک کیلئے متحد ہوں
Comments are closed.