راولپنڈی (آن لائن)وطن عزیز کے 78 ویں جشن آزادی پر مسلح افواج کی قیادت کی قوم کو مبارکباددی ہے اور کہا ہے کہ یہ دن اتحاد، لگن اور ایک روشن مستقبل کے لئے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے‘اس موقع پر ہم اپنے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف، اور سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے خصوصی پیغام میں کہا کہ مسلح افواج پاکستان کے 78 ویں جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ دن اتحاد، لگن اور ایک روشن مستقبل کے لئے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے‘اس موقع پر ہم اپنے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں
، ہم قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ان کے ناقابل تسخیر جذبے، عزم اور بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ان کی ہمت، دور اندیشی، اور غیر متزلزل آزادی کا مقصد ہمارے لئے مستقل رہنمائی ہے۔آج مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے دیرینہ خواب کی تعبیرکادن ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج بانیان پاکستان کی بصیرت اور بہادر فوجیوں کوخراج تحسین پیش کرتی ہیں،مسلح افواج وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔مسلح افواج نیپاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ارض پاکستان کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا،پاکستان کے عوام کی مسلسل حمایت مسلح افواج کیلئے طاقت کا سرچشمہ ہے، قائداعظم کے رہنما اصول ہمارے لئے مشعل راہ ہیں،
مسلح افواج اور عوام کے درمیان اٹوٹ رشتہ ہماری اجتماعی طاقت کا سنگ بنیاد ہے۔ اس یوم آزادی کے موقع پر، آئیے ایک خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا عہد کریں۔آیئے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے نظریات کو برقرار رکھتے ہوئے امن، ترقی اور اتحاد کے لیے جدوجہد کرنے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔پاکستان مسلح افواج زندہ بادپاکستان پائندہ باد
Comments are closed.