مالاکنڈ: بیٹے کی فائرنگ سے جے یو آئی رہنما مفتی کفایت اہلیہ سمیت زخمی، بیٹا، بیٹی جاں بحق

بٹ خیلہ (آن لائن)خیبر پختونخوا کے ضلع ملاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں گھر میں بیٹے کی فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا کفایت اللہ اور ان کی اہلیہ شدید زخمی جبکہ ایک بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہوگئے‘فائرنگ کرنے والا ملزم فرار ہوگیا۔ لیویز حکام نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ مالا کنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں مفتی کفایت اللہ کے گھر میں پیش آیا۔

لیویز ذرائع نے کہا کہ فائرنگ سے مفتی کفایت اللہ کا بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہوئے جبکہ مفتی کفایت اللہ اور ان کی اہلیہ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، لیویز ذرائع کے مطابق ان کا ایک بیٹا اور بیٹی بھی شدید زخمی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام نے لاشوں اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ فائرنگ مفتی کفایت اللہ کے بیٹے نے کی اور فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔لیویز کے مطابق لاشیں اور زخمی ڈی ایچ کیو اسپتال بٹ خیلہ منتقل کردیئے گئے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق مفتی کفایت اللہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

Comments are closed.