پاک فوج کی کور آف انجینئرز کی ریسکیو ٹیم نے بونیر ، شانگلہ اور سوات کے مختلف علاقوں میں کام شروع کر دیا

بونیر،شانگلہ (آن لائن)پاک فوج کی کور آف انجینئرز کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم (یو ایس اے آر) نے بونیر ، شانگلہ اور سوات کے مختلف علاقوں میں کام شروع کر دیا ۔اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم مختلف آلات کی مدد سے ملبے کے نیچے دبے زخمیوں اور لاشوں کو ڈھونڈنے میں مدد دے گی ۔اس کے علاوہ کور آف انجینئرز کے جوان ٹوٹے ہوئے پلوں اور بند ہوئے راستوں کو بھی کھولنے میں مصروف ہیں ۔بونیر ، شانگلہ اور سوات کے مختلف علاقوں میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کا ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔

پاک فوج کے مزید دستوں نے کل رات کو مختلف مقامات پر پہنچ کے کام سنبھال لیا ۔موسم کی خرابی کے باوجود پاک فوج کے ہیلی کاپٹر ریسکیو مشن میں مصروف ہیں۔آرمی چیف کی ہدایات کے مطابق، پاک فوج کا ایک دن کا راشن بھی ضرورت مند افراد تک پہنچایا جا رہا ہے۔پاک فوج کے ڈاکٹرز نے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگا لیا ہے جہاں پے مفت ادویات تقسیم کی جا رہی ہیں ۔بونیر کے گاؤں چوراک میں پاک فوج کے دستے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔آدم خیل میں تباہ شدہ مکانات کے ملبے تلے دبنے والے افراد کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔

پاک فوج کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو ضروری اشیاء کی فراہمی بھی کی گئی، جن میں راشن اور بستر شامل ہیں۔پاک فوج کی جانب سے متاثرہ افراد کے لیے ہر ممکن اقدامات ہورہے ہیں۔عوام نے تمام کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔

Comments are closed.