وزیر اعظم کا وفاقی وزراء، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

وزیر اعظم اور آرمی چیف کو خیبر پختونخوا میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،متاثرین سے ملاقات کی، نازک گھڑی میں وفاقی حکومت اور پاک فوج کی مکمل معاونت کی یقین دہانی
سیلاب متاثرین کی بحالی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے قومی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،شہباز شریف
غیر قانونی تجاوزات، دریاوٴں اور ندی نالوں میں مائننگ اور کرشنگ جیسی سرگرمیاں جانی و مالی نقصانات کی بڑی وجہ ہیں ،بلاامتیاز کارروائی کرکے روکی جائے ، شہباز شریف
فیلڈ مارشل کی ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف افواج، پولیس اور سول انتظامیہ کے عملے سے ملاقات، بے لوث خدمات کو سراہا ، اعلامیہ

اسلام آباد، پشاور(آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزراء اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی کے سیلاب متاثرہ اضلاع کا دورہ کیا۔اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم اور آرمی چیف کو خیبر پختونخوا میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں اس نازک گھڑی میں وفاقی حکومت اور پاک فوج کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے قومی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے غیر قانونی تجاوزات، دریاوٴں اور ندی نالوں میں مائننگ اور کرشنگ جیسی سرگرمیوں کو جانی و مالی نقصانات کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ پاکستان کو ایک ایسی سخت ریاست کے طور پر کردار ادا کرنا ہوگا جہاں کوئی قانون سے بالاتر نہ ہو اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے اقدامات کو مزید تیز کرنے پر زور دیا اور پاک فوج و سول انتظامیہ کی انتھک کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف افواج، پولیس اور سول انتظامیہ کے عملے سے ملاقات کی اور ان کی بے لوث خدمات کو سراہا۔

انہوں نے زمینی فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب زدہ خاندانوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔آرمی چیف نے کہا کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ اور ان کی مدد افواج پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے فورسز اور سول انتظامیہ کی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔دورے کے دوران وزیر اعظم، آرمی چیف اور دیگر شرکاء نے اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

Comments are closed.