وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایت پر اسلام آباد شہر سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کیلئے سی ڈی اے کا گرینڈ آپریشن
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر اسلام آباد شہر سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کیلئے سی ڈی اے کا گرینڈ آپریشن کیا گیا۔کارروائیوں میں 578 ڈھانچوں کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کرکے سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی۔مزاحمت کی بناء پر 113 افراد کو حراست میں لیکر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔کئی دنوں پر محیط تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کی نگرانی چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام محمد علی رندھاوا نے خود کی۔ سی ڈی اے انفورسمنٹ، ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیموں نے اسلام آباد پولیس کی معاونت سے اسلام آباد شہر میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کیں ۔گرینڈ آپریشن میں 26 نمبر چونگی جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف، ٹی چوک تا روات، سید پور ویلج، لہتڑار روڈ اور دیگر علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔جی ٹی روڈ 26 نمبر چونگی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں 16 کلومیٹر طویل سڑک کے اطراف آپریشن کیا گیا۔
اس آپریشن میں تقریباً 95 فیصد سے زائد علاقے کو غیر قانونی قابضین و تجاوزات سے کلئیر کروا لیا گیا۔ابتک کی کارروائیوں میں 578 ڈھانچوں کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کرکے سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی۔مزاحمت کی بناء پر 113 افراد کو حراست میں لیکر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔سی ڈی اے کی انفورسمنٹ ونگ کی ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے ٹی چوک تا روات کے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ ٹی چوک تا روات کے علاقے میں 6 کلومیٹر تک کی سڑک سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ۔اس طرح مجموعی طور پر ٹی چوک تا روات کے علاقے میں 191 چھوٹی بڑی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کو مسمار کرکے سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی ۔ سیدپور ماڈل ویلج میں غیر قانونی قبضہ کی گئی 370 کنال سرکاری اراضی میں سے 210 کنال سے زائد سرکاری اراضی غیر قانونی قابضین سے مکمل طور واگزار کروائی جاچکی ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سید پور کی اپ گریڈیشن اور غیر قانونی تعمیرات سے پاک کرنے سے شہریوں کو بہترین سیاحتی مقام بھی میسر آئے گا۔غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کیلئے لہتڑار روڈ کے علاقے میں بھی سی ڈی اے انفورسمنٹ کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں کی گئیں اورکارروائیوں کے دوران 24 کلومیٹر طویل سڑک کو غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات سے پاک کرکے سڑک دونوں اطراف سے کلیئر کروا دی گئی ۔اسی طرح ترامڑی چوک تا بنک سٹاپ، علی پور سے ملحقہ شاہراہ کو بھی تجاوزات سے پاک کردیا گیا ہے۔ترامڑی چوک تا بنک سٹاپ، علی پور تک 3 کلومیٹر سڑک کو دونوں اطراف سے کلئیر کردیا گیا ہے
۔اس طرح مجموعی طور پر 227 غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن کرکے سرکاری اراضی غیر قانونی قابضین سے واگزار کروالی گئی ۔چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد سر زمین اسلام آباد کو ہر کسی کی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات سے پاک رکھنا ہے، غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف یہ کارروائیاں تسلسل کے ساتھ مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے عمل کو دوبارہ اور ان کے مکمل تدارک کے لئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر نے کہا کہ واگزار کروائی کی گئی اراضی میں جہاں ممکن ہو ماحول دوست شجرکاری اور باڑ (فینس) بھی لگائی جائے، شہر کی خوبصورتی اور منظم منصوبہ بندی کیلئے غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائیاں انتہائی ضروری ہیں، اس سلسلہ میں شہریوں سے تعاون کی اپیل ہے کہ وہ انسداد تجاوزات مہم میں متعلقہ محکموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔کسی بھی غیر قانونی قبضے کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوراً اطلاع دیں۔
Comments are closed.