اسلام آباد (آن لائن) بھارت کی جانب سے دریائے ستلج کے بعد اب دریائے چناب میں بھی بڑی مقدار میں پانی چھوڑ دیا گیا ہے، جس کے باعث پاکستان میں اونچے درجے کے سیلاب کا شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ وزارت آبی وسائل کے مطابق دریائے چناب میں اکنور کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔بھارتی ہائی کمیشن نے باضابطہ طور پر حکومتِ پاکستان کو دریائے چناب میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا، جس کے بعد وزارت آبی وسائل نے فوری طور پر انتباہی خط جاری کرتے ہوئے 28 اہم وفاقی و صوبائی محکموں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔وزارت کے مطابق اگرچہ بھارت کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے، تاہم سیلابی ریلے کی شدت اور رفتار کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی احتیاط اور ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔
متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے، فلڈ کنٹرول مراکز اور دیگر اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز بھی بھارت نے دریائے ستلج اور طوی میں پانی چھوڑا تھا، جس کی اطلاع پاکستان کو سفارتی ذرائع سے دو مرتبہ فراہم کی گئی تھی۔ ماہرین کے مطابق مسلسل بارشوں اور بھارتی ڈیموں سے پانی کے اخراج کے باعث پاکستان کے دریائی نظام پر غیر معمولی دباوٴ بڑھ رہا ہے۔وزارت آبی وسائل نے خبردار کیا ہے کہ صورت حال تیزی سے بدل رہی ہے اور تمام متعلقہ ادارے فوری اقدامات کے لیے تیار رہیں، تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔
Comments are closed.