پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخی بلندی، وزیراعظم کا اظہارِ اطمینان

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے معاشی تاریخ میں ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ہنڈرڈ انڈیکس کی 1 لاکھ 56 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے۔ اس تاریخی کامیابی پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ملکی معیشت کے استحکام اور حکومت کی موٴثر پالیسیوں پر سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کے بھرپور اعتماد کی غماز ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور معاشی ٹیم کی شب و روز محنت سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

حالیہ دنوں میں چین کے نجی شعبے اور پاکستان کی مختلف نجی کمپنیوں کے مابین اربوں ڈالرز کے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط اس اعتماد کا واضح ثبوت ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ نہ صرف نئی صنعتوں کے قیام کا باعث بنے گا بلکہ برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا، جو مجموعی طور پر قومی معیشت کے استحکام اور عوامی خوشحالی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے معاشی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت ہی کی بدولت ملک کی معاشی سمت درست ہوئی ہے اور ترقی کا سفر مسلسل جاری ہے۔

Comments are closed.