اسلام آباد (آن لائن) بھارت ایک بار پھر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے کا مرتکب ہوا ہے، جس سے پاکستان میں سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ وزارت آبی وسائل کے مطابق، بھارت نے ہریکے اور فیروز پور کے مقام پر دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ بڑھا دیا ہے۔ سفارتی ذرائع سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارت نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی حدود میں سیلابی پانی چھوڑا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
وزارت آبی وسائل نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے اور سیلاب کے خدشات کے پیش نظر ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن نے بھی پاکستانی حکام کو دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کی پیش گوئی کی ہے، جس سے علاقے میں مزید تباہی کا خطرہ موجود ہے۔ حکومت پاکستان نے بھارت کی اس آبی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور عالمی سطح پر اس مسئلے کو اْٹھانے کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
Comments are closed.