امریکی اسٹیریٹجک میٹلز (ایس ایم) اور ایف ڈبلیو او کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط

اسلام آباد(آن لائن)امریکی اسٹیریٹجک میٹلز (ایس ایم) نے وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان کی فرنٹیئر ورکس آرگنائیزیشن ( ایف ڈبلیو او) کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے قائم مقام نائب چیف آف مشن زیک ہارکن رائیڈر بھی اس موقع پر یو ایس ایس ایم کے وفد کے ہمراہ تھے۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے حوالہ سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے امریکی مشن پاکستان کی ناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے کہا کہ یہ یادداشت امریکہ اور پاکستان دونوں کے لیے مفید باہمی تعلقات کی مضبوطی کی ایک اور مثال ہے۔امریکی ریاست میسوری میں واقع یو ایس ایس ایم کریٹیکل منرلز اہم معدنیات کی پیداوار اور دوبارہ استعمال پر توجہ مرکوز کرتا ہے، جس کو امریکی محکمہ توانائی نے جدید مینوفیکچرنگ اور توانائی کی پیداوار سے متعلق مختلف ٹیکنالوجیز میں کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔

مذکورہ نوعیت کے دوطرفہ معاہدوں کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ناظم الاُمور بیکر نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی سلامتی اور خوشحالی میں اہم معدنی وسائل کی اہمیت کے پیش نظر ایسے دو طرفہ معاہدوں کی تشکیل کو کلیدی ترجیح دی ہے۔ ہم پاکستان میں معدنیات اور کان کنی کے اہم شعبے میں امریکی کمپنیوں اور ان کے ہم منصبوں کے درمیان مستقبل میں ہونے والے معاہدوں کے لئے پُرامیدہیں۔

Comments are closed.