ڈی جی آئی ایس پی آر کا مری کے تعلیمی اداروں کا دورہ، طلبہ و اساتذہ سے خصوصی ملاقات

مری (آن لائن) پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مری کے معروف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک خصوصی نشست میں طلبہ و طالبات اور اساتذہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آرمی پبلک سکول، کونوینٹ جیسس اینڈ میری اور پریزنٹیشن کونوینٹ کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔نشست کا مقصد نوجوان نسل میں قومی شعور بیدار کرنا، مثبت فکر کی ترغیب دینا اور ملک دشمن پروپیگنڈے سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔

نشست کے اختتام پر طلبہ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج سے محبت اور اعتماد کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان قوم کا فخر ہیں۔ پاک افواج نے ہر مشکل وقت میں وطن کا دفاع کیا ہے اور کرتی رہیں گی۔ ہمیں بطور طلبہ ملک دشمن پروپیگنڈا اور جھوٹی معلومات سے ہوشیار رہنا ہوگا۔پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں۔ طلبہ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور نوجوان نسل اس مستقبل کی معمار ہے۔اساتذہ نے بھی اس موقع پر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنی فکری ذمہ داری کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی ترقی میں موٴثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ کے خیالات کو سراہا اور ان کے جذبے کو قومی یکجہتی کی علامت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، اور ایسی ملاقاتیں ملک کے مستقبل سازوں کے ذہنوں میں تحفظ وطن، سچائی اور حب الوطنی کے بیج بونے کا ذریعہ بنتی ہیں۔

Comments are closed.