سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وفاق اور سندھ حکومت مکمل طور پر متحرک ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سندھ بالخصوص کراچی میں سیلابی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے این ڈی ایم اے کو کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں سیلاب کے پیش نظر امدادی کاروائیوں کے لیے صوبائی حکومت اور سندھ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے کراچی میں متحرک امدادی کاروائیوں پر ریسکیو 1122، پاک فوج اور رینجرز کی پزیرائی کی جبکہ گڈاب ندی میں شہریوں کے ڈوبنے پر اظہار افسوس کیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو سیلاب میں لا پتہ افراد کو جلد از جلد تلاش کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ عوام کو سیلابی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے اگاہی مہم کو مزید متحرک کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری سیلاب سے بچ سکیں۔وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ نظام مواصلات کی جلد از جلد بحالی کے لیے اقدامات لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاق اور سندھ حکومت مکمل طور پر متحرک ہیں، کراچی میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور بحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات لیے جائیں۔

Comments are closed.