وزیراعظم کا مستونگ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے”فتنہ الہندوستان“ نامی دہشت گرد تنظیم کے خلاف کامیاب آپریشن پر فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اس کامیاب کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جو ملک میں بدامنی پھیلانے کی سازشوں میں ملوث تھے۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جس پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے

، جنہوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ مادرِ وطن کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔وزیراعظم شہبازشر یف نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم اس ناسور کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام، دونوں، اس عزم پر قائم ہیں کہ ملک کو دہشت گردی، انتہا پسندی اور بیرونی سازشوں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر مستونگ کے مضافاتی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ فورسز نے بروقت اور موٴثر حکمتِ عملی سے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کا صفایا کیا۔

ذرائع کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد ملک میں حساس تنصیبات، سیکیورٹی اداروں اور عوامی مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔مستونگ آپریشن نہ صرف سیکیورٹی فورسز کی بھرپور صلاحیت کا مظہر ہے بلکہ یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ پاکستان، دہشت گردی کے خلاف ایک ناقابلِ شکست دیوار کی طرح ڈٹا ہوا ہے

Comments are closed.