مستونگ، سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، بھارتی پراکسی ’فتنہ الہندوستان‘ کے 4 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز ملک میں بھارتی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں،آئی ایس پی آر

مستونگ / راولپنڈی (آن لائن)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارت کی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گرد تنظیم ”فتنہ الہندوستان“ کے چار انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد علاقے کو کلیئر کر دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مستند انٹیلی جنس اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے مستونگ کے ایک حساس علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کی، جس کا موٴثر جواب دیتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد ”فتنہ الہندوستان“نامی بھارتی پراکسی تنظیم سے تعلق رکھتے تھے اور علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جس سے ان کے خطرناک عزائم واضح ہوتے ہیں۔فوجی ترجمان کے مطابق، علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل طور پر سدباب کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک میں بھارتی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ہر دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔یہ آپریشن نہ صرف پاکستان کی عسکری قیادت کی موٴثر حکمت عملی کا مظہر ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ریاست پاکستان کسی بھی بیرونی مداخلت یا دہشت گردی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔مزید پیش رفت کے لیے علاقہ مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی فورسز سے تعاون جاری رکھیں

Comments are closed.