اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت عوام کی آواز اور ان کی حکمرانی میں شمولیت کا نام ہے، جو دنیا کے تمام ممالک کے لیے ترقی اور استحکام کی ضامن ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری نظام کی بنیاد 1973 کا آئین ہے، جو عوامی امنگوں اور قومی اتحاد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو جمہوری اداروں میں مرکزی حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہ عوامی اور ملکی مفاد کے تحفظ کے لیے قانون سازی کا مجاز ادارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان شہریوں کو برابری، بنیادی حقوق اور آزادی کی ضمانت دیتا ہے، اور خواتین کی پارلیمنٹ میں شمولیت، اقلیتوں کی نمائندگی اور مذہبی آزادی کے تحفظ جیسے اقدامات اس کی نمایاں خصوصیات ہیں۔وزیراعظم نے زور دیا کہ بنیادی حقوق کا تحفظ، سماجی انصاف، قانون کی حکمرانی اور برداشت ہی وہ اصول ہیں جو کسی بھی ملک کو مسائل پر قابو پانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر بھی جمہوری اقدار کی پاسداری کے لیے اقوام متحدہ کے تحت سرگرم کردار ادا کرتا رہا ہے اور اس کی پالیسیز سسٹینیبل ڈویلپمنٹ گولز (SDGs) کے عین مطابق ہیں، جن میں امن، انصاف اور مضبوط اداروں کا قیام شامل ہے۔وزیراعظم نے عزم دہرانے ہوئے کہا کہ اس دن پاکستان یہ وعدہ کرتا ہے کہ عوام، ادارے اور حکومت مل کر جمہوری اصولوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کریں گے تاکہ ایک ترقی یافتہ اور مستحکم مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔
Comments are closed.