اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی کے بل مکمل طور پر معاف کر دیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس میں انسانی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ لوگوں کے مال و مویشی، روزگار اور گھر بھی متاثر ہوئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے گھریلو صارفین کو اگست کے بجلی کے بل ادا نہیں کرنا ہوں گے،
جب کہ جنہوں نے پہلے ہی بل جمع کروا دیے ہیں، ان کی رقم اگلے ماہ کے بلوں میں ایڈجسٹ کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی حکومت اپنے وسائل سے کرے گی اور یہ سیلاب متاثرین کا حق ہے، کسی قسم کا احسان نہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ زرعی اور صنعتی صارفین کے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور ان کے اگست کے بجلی بل فی الحال موخر کیے گئے ہیں۔ اگر نقصانات زیادہ نکلے تو انہیں بھی مزید ریلیف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، عوام اور فوج مل کر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں اور متاثرہ آبادیوں کو خوراک، ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔وزیراعظم نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ وہ متاثرین کی مکمل آباد کاری کے عزم پر قائم ہیں اور حکومت اس وقت تک سکون سے نہیں بیٹھے گی جب تک ہر متاثرہ خاندان کو دوبارہ اپنے گھر میں آباد نہ کر دیا جائے۔
Comments are closed.