دبئی(آن لائن) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی اور ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کرلی۔پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر غیر مستحکم دکھائی دی اور قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 127 رنز بناسکی۔ اوپننگ بلے باز صائم ایوب پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ محمد حارث بھی ناکام ثابت ہوئے۔ فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے کچھ مزاحمت کی مگر وہ بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔
پاکستان کے لیے سب سے نمایاں اننگز شاہین شاہ آفریدی نے کھیلی جنہوں نے صرف 16 گیندوں پر 33 رنز بنا کر ٹیم کو 100 کے ہندسے سے آگے پہنچایا۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو 3 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ بمراہ اور اکشر پٹیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز ابھیشیک شرما اور شبمن گل نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ دونوں اوپنرز کے آوٴٹ ہونے کے باوجود کپتان سوریا کمار یادیو اور شیوم دوبے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 15.5 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔
پاکستان کی جانب سے واحد کامیاب بولر صائم ایوب رہے جنہوں نے تینوں بھارتی وکٹیں حاصل کیں۔اس شکست کے بعد قومی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بھارت مسلسل دوسری کامیابی کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرچکا ہے۔
Comments are closed.