ڈی جی آئی ایس پی آر کی کشمیری طلبہ و اساتذہ سے خصوصی ملاقات، معرکہ بنیان المرصوص کی کامیابی پر خراجِ تحسین

راولپنڈی (آن لائن)مسلح افواج کے محکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے آزاد جموں و کشمیر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ اور اساتذہ سے ایک خصوصی نشست میں ملاقات کی۔ اس موقع پر خان محمد خان پوسٹ گریجویٹ کالج، میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار گرلز کے طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔طلبہ نے معرکہ المرصوص کی کامیابی پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وطن کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر کو دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔ اساتذہ نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان خطے میں ایک نیٹ ریجنل سٹیبلائزر کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے اور موجودہ حالات میں ملک کا استحکام علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے۔ملاقات کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی، قومی یکجہتی، اور دفاعِ وطن کے جذبے کو مزید اجاگر کرنا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ و طالبات کے عزم کو سراہا اور انہیں ملک کا روشن مستقبل قرار دیا۔

Comments are closed.