صدر آصف زرداری اور حکومتی وفد کی ملاقات کی اندرونی کہا نی سامنے آگئی

اسلام آباد (آن لائن) صدر آصف زرداری اور حکومتی وفد کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ صدر زرداری نے زور دیا کہ دوستوں کو کہنا چاہیے کہ بیانات سوچ سمجھ کر دیا کریں۔ جبکہ وہ خود بھی پیپلز پارٹی کے رہنماوٴں کو تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیں گے، حکومتی وفد نے بھی صدر کو آئندہ گولہ باری نہ ہونے کی یقین دہانی کرا دی ۔ نوابشاہ میں ہونے والی یہ ملاقات تعمیری اور خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں ملکی سیاسی و سیکیورٹی حالات کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی وفد خصوصی طیارے کے ذریعے نوابشاہ پہنچا اور صدر مملکت کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس، عالمی رہنماوٴں سے ملاقاتوں اور اہم علاقائی معاملات پر صدر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ملاقات میں حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماوٴں کے حالیہ بیانات پر بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے مسکراتے ہوئے کہا ایاز صادق صاحب، آپ کے ہوتے ہوئے بھی دیکھیں کیا ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اسحاق ڈار سے مخاطب ہو کر کہا کہ ڈار صاحب بھی ہمیشہ افہام و تفہیم کی بات کرتے ہیں، تو اب ایسا کیا ہوا؟ صدر زرداری نے زور دیا کہ دوستوں کو کہنا چاہیے کہ بیانات سوچ سمجھ کر دیا کریں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ وہ خود بھی پیپلز پارٹی کے رہنماوٴں کو تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم تو کھلے دل سے جمہوریت کی خاطر آپ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، اور نہیں چاہتے کہ بیانات کی وجہ سے معاملات خراب ہوں۔ حکومتی وفد نے بھی یقین دہانی کرائی کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی متنازعہ بیان سامنے نہیں آئے گا۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور سخت بیانات سے گریز پر اتفاق کیا گیا۔

Comments are closed.