میجر سبطین حیدر شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا،وزیراعظم ،آرمی چیف ، وفاقی وزراء اعلیٰ اعلیٰ عسکری و سول افسران شریک

راولپنڈی (آن لائن) وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر سبطین حیدر کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریڑن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔ شہید افسر کا تعلق ضلع کوئٹہ سے تھا اور ان کی عمر تیس برس تھی۔میجر سبطین حیدر نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خوارج فتنہ کے بھارتی آلہ کاروں کے خلاف انٹیلی جنس بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا۔

نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات، اعلیٰ عسکری و سول افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے شہید افسر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنے، خوارج یا کوئی بھی گمراہ نظریہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون وطن کی خودمختاری اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔شہید میجر سبطین حیدر کو ان کے آبائی علاقے کوئٹہ میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، جو ہر خطرے کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔

Comments are closed.