یتیم خانہ چوک پر تحریک لبیک کا احتجاج، ملتان روڈ بند

لاہور (آن لائن) یتیم خانہ چوک پر تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان کے احتجاجی مظاہرے کے باعث ملتان روڈ اور اس سے ملحقہ راستے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ اینٹی رائٹ فورس، واٹر کینین اور بکتر بند گاڑیوں کی تعیناتی کر دی ہے تاکہ عوامی ردِّعمل اور ممکنہ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق سکیم موڑ سے یتیم خانہ اور گلشن راوی سے ملتان روڈ تک، نیز بابو صابو سے یتیم خانہ چوک تک تمام سڑکیں بند کر دی گئی ہیں

، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران اور ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر عمر موقع پر موجود ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی نقل و حرکت کو محدود کرنا ضروری ہے تاکہ ٹریفک کا بہاؤ بحال رہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہریوں سے اپیل کر رہی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کریں اور ممکنہ حد تک احتجاجی مقام سے دور رہیں۔

Comments are closed.