کسی اور کی ایک انچ زمین لینی نہیں، اور ریلوے کی ایک انچ زمین کسی کو چھوڑنی نہیں‘حنیف عباسی

اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت ریلوے ڈویژن ملتان کی مجموعی کارکردگی پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن کی کارکردگی، آمدنی، سولرائزیشن منصوبے اور اینٹی اِنکروچمنٹ مہم کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ملتان نے اجلاس کو بتایا کہ موجودہ مالی سال میں ٹرینوں کی پنکچوئیلٹی 88 فیصد رہی، جو گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 86 فیصد تھی۔ حالیہ سیلابی حالات کے باعث کچھ آپریشنز متاثر ضرور ہوئے، تاہم مجموعی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ڈی ایس ملتان نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے کوارٹر میں ریونیو گزشتہ سال کے مقابلے میں 77 ملین روپے زائد رہا۔ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے،

جس سے پہلے کوارٹر کے دوران 13.5 ملین روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔چوری اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ وزیرِ ریلوے کی ہدایت پر اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران 87.5 ایکڑ ریلوے اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اینٹی اِنکروچمنٹ مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ کسی اور کی ایک انچ زمین لینی نہیں، اور ریلوے کی ایک انچ زمین کسی کو چھوڑنی نہیں۔ ڈی ایس ملتان نے بتایا کہ وزیرِ ریلوے کی ہدایت پر سولرائزیشن منصوبہ کامیابی سے جاری ہے، اور اب تک 14 ریلوے اسٹیشن مکمل طور پر سولر توانائی پر منتقل کیے جا چکے ہیں، جبکہ ڈی ایس آفس ملتان بھی مکمل طور پر سولرائزڈ ہو چکا ہے۔اس اقدام سے بجلی کے اخراجات میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور رواں مالی سال میں 30 ملین روپے کی بچت حاصل ہوئی ہے۔مزید بتایا گیا کہ سٹاف ریشنلائزیشن کا عمل جاری ہے تاکہ وسائل کا موٴثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی بروقت ادائیگی کی جا رہی ہے اور کسی کیس میں تاخیر نہیں ہو رہی۔ڈی ایس ملتان نے آگاہ کیا کہ مسافروں کے مسائل کے حل کے لیے ماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے تمام ڈویڑنوں کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اسٹیشنوں کا باقاعدہ معائنہ کریں، مسافروں سے رابطہ رکھیں، اور لاپروائی یا غفلت کی کوئی گنجائش نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا عزم ہے کہ مسافروں کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔

Comments are closed.