خیبر پختونخوا پولیس کو ناکارہ بلٹ پروف گاڑیاں دی گئی ہیں جس کو وزیر اعلیٰ نے واپسی کا اعلان کرکے اچھا اقدام کیا ہے‘ اسدقیصر
اسلام آباد(آن لائن) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کو ناکارہ بلٹ پروف گاڑیاں دی گئی ہیں جس کو وزیر اعلیٰ نے واپسی کا اعلان کرکے اچھا اقدام کیا ہے‘ بانی پی ٹی آئی سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ملاقات میں رکاوٹ ڈالنا قابل مذمت اقدام ہے۔منگل کو پارلیمنٹ ہاس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ عمر ایوب کی نااہلی کی وجہ سے اپوزیشن لیڈر کی سلاٹ خالی تھی اور آج اپوزیشن کی جانب سے محمود خان اچکزئی کے نام کیلئے ہم نے درخواست دی ہے انہوں نے کہاکہ محمود خان اچکزئی ایک سینئر سیاستدان ہیں مجھے امید ہے کہ اس کی انتخاب میں غیر جمہوری حربے استعمال نہیں کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان اور پاکستان صبر و استقامت سے کام لیں یہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کیلئے بہتر ہے ہم امید کرتے ہیں کہ تجارتی راستوں سمیت دیگر آمد ورفت کے راستوں کو کھولا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہماری تجارت سینٹرل ایشیائی ممالک تک پھیلانی چاہئے ہماری پارٹی کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ افغانستان ہمارا بھائی ملک ہے ہم افغانستان سے تعلقات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔اسد قیصر نے کہاکہ سہیل آفریدی کا جائز مطالبہ ہے کہ عمران خان سے ملاقات کروائی جائے یہ ملاقات اس کا قانونی حق ہے‘ اس کیلئے سہیل آفریدی نے صوبائی اسمبلی سے قرارداد بھی منظور کروائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو سہولیات ایک قاتل کیلئے میسر ہوتے ہیں وہ تو کم از کم بانی چیئرمین کو دی جائیں اور سابق وزیراعظم کی حیثیت سے انکا حق ان کو ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے کچھ ناکارہ گاڑیاں خیبرپختونخوا پولیس کو دی ہیں اور ایک منسٹر نے اس پر بات کی میں اس کا نام بھی لینا نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہاکہ این ایف سی ایوارڈ کے مطابق خیبر پختونخوا کو اس کا حصہ دیا جائے‘ سرتاج عزیز نے کہا تھا کہ 3 فی صد شیئرز دینگے ابھی تک ہمیں ایک روپیہ نہیں ملا ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے کہاکہ 74 اراکین اسمبلی کے دستخط کرواکر درخواست جمع کرائی ہے‘ محمود خان اچکزئی ہمارے اپوزیشن لیڈر ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کی بقا کے لیے محمود خان اچکزئی کا ایک نام ہے جو فیصلہ ہمارے قائد کا تھا وہ تمام اراکین نے مانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی نہیں رہنا چاہئے اسپیکر جلدی نوٹیفکیشن کریں تاکہ اسپیکر کا دفتر خالی نہ رہے۔ اس موقع پر اسد قیصر نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کیلئے جمعیت علمائے اسلام کیساتھ مشاورت کرینگے انہوں نے کہاکہ ہم نے پارٹی کی طرف سے درخواست دی ہے اورچیف وہپ عامر ڈوگر جمعیت علما اسلام سے رابطہ کرینگے۔
Comments are closed.