بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ناگزیر، ذاتی سیاسی ایجنڈوں کی نفی کرنے کی ضرورت ہے،فیلڈمارشل عاصم منیر

راولپنڈی (آن لائن)آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوامی فائدے کو یقینی بنانے کیلئے بلوچستان کی معیشت میں دستیاب بے پناہ مواقع سے استفادہ کرنا ہوگا، بلوچستان کے نوجوانوں کو دیرپا ترقی کے لئے بااختیار بنانا ناگزیر ہے، سول سوسائٹی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں 17ویں قومی ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے اظہار خیال کیا، شرکاء کے ساتھ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، بلوچستان انتہائی باصلاحیت، پرعزم اور محب وطن لوگوں سے مالا مال ہے، جو صوبے کی اصل دولت ہیں، انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی، جن کے تحت بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور عوام کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،

انہوں نے بلوچستان کے عوام کے فائدے کے لئے صوبے کی بے پناہ اقتصادی صلاحیتوں اور وسائل کے استعمال کے ادراک پر زور دیا، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سول سوسائٹی کے تعمیری کردار کو تسلیم کرتے ہوئے نوجوانوں کو متحرک اور بااختیار بنانے سمیت پائیدار ترقی میں ان کے اہم کردار پر زور دیا اور کہا کہ بلوچستان میں طویل المدتی ترقی اور خوشحالی کے لئے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے، اور ذاتی سیاسی ایجنڈوں کی نفی کرنے کی ضرورت ہے، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستانی سپانسرڈ پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج تشدد کو ہوا دینے کے لئے بدنیتی کے ساتھ عوام دشمن اور ترقی مخالف ایجنڈوں کا پرچار کرتے ہیں،

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان دہشت گردوں کا تعاقب کرنے اور صوبے کو ان سے نجات دلانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام کا خواہاں ہے، اس کی علاقائی سالمیت پر کسی بھی خلاف ورزی کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، اور اپنے شہریوں کی زندگیوں اور فلاح و بہبود کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، ورکشاپ کا اختتام سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ ہوا۔

Comments are closed.