نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان رابطہ ، خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم

اسلام آباد ( آن لائن) نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور انکے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں فلسطین اور غزہ کی سنگین انسانی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد اہم علاقائی و عالمی امور پر گفتگو کی گئی۔دونوں رہنماوٴں نے خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فلسطینی عوام پر جاری مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور بین الاقوامی برادری کے فعال کردار کی ضرورت پر زور دیا۔

رابطے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں قریبی روابط برقرار رکھنے اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ رابطہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین گہرے، پائیدار اور اعتماد پر مبنی تعلقات کا عکاس ہے، جو خطے میں امن اور مسلم اْمّہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے یکساں موٴقف رکھتے ہیں۔

Comments are closed.