پاکستان نے افغانستان میں خوارج کی موجودگی کیخلاف موٴثر اقدامات کیے ، آئندہ بھی پاک فوج ہر دشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی، ترجمان پاک فوج

صوابی (آن لائن) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان نے کہا ہے پاکستان نے افغانستان میں خوارج کی موجودگی کیخلاف موٴثر اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی پاک فوج ہر دشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (جی آئی کے انسٹیٹیوٹ) ٹوپی (صوابی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ پاک افغان سرحدی جھڑپوں، سکیورٹی صورتحال اور سوشل میڈیا کے کردار پر تفصیل سے بات چیت کی۔

اس موقع پر انہوں نے پاک فوج کی موجودہ حکمت عملی اور افغانستان میں خوارج کے خلاف کیے گئے موٴثر اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پاکستان نے افغانستان میں خوارج کی موجودگی کیخلاف موٴثر اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی پاک فوج ہر دشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔انہوں نے نوجوانوں کو قوم کے روشن مستقبل کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے۔ دورے کے دوران طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے پاک افواج کے شہداء و غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا، اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ایسی مزید بامقصد نشستیں منعقد کی جانی چاہئیں تاکہ ڈس انفارمیشن اور پروپیگنڈے کا خاتمہ ہو سکے۔

طلبہ نے کہا کہ قوم امن کی کاوشوں اور ملکی ترقی میں پاک فوج کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اور پاک فوج نے دشمن کو بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جس پر ہمیں فخر ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوالات کے تفصیلی جوابات بھی دیے، جس سے طلبہ کے ذہنوں میں موجود ابہام دور ہوئے اور انہیں ملکی دفاع کی صورتحال اور پاک فوج کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

Comments are closed.