پاکستان کی مقبوضہ مغربی کنارے کے بعض حصوں پر نام نہاد خودمختاری بڑھانے کے مسودہ قانون کی شدید مذمت

اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان نے اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے کے بعض حصوں پر نام نہاد خودمختاری بڑھانے کے مسودہ قانون کی شدید مذمت کرتے ہوے عالمی برادری سے معاملے پر فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی اقدام بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے غیر قانونی اور اشتعال انگیز اقدامات خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

عالمی برادری معاملے پر فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے تاکہ اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات کو روکا جا سکے۔ دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی قابض افواج کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ دفتر خارجہ نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت، انصاف، اور وقار کے حق میں عالمی شراکت داروں کے ساتھ اپنے کام کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور متصل ریاستِ فلسطین کے قیام کی اپنی غیر متزلزل حمایت دہرائی۔ پاکستان کا کہنا تھا کہ یہ ریاست 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ہو گی اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو گا۔

Comments are closed.