اسلام آباد (آن ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے تمام صوبوں کو ایک خاندان قرار دیتے ہوے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو ترقی میں برابر شریک کرنا ہوگا کیونکہ صوبے کی ترقی پاکستان کی مجموعی خوشحالی سے جڑی ہے۔نیشنل ورکشاپ بلوچستان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بلوچستان پاکستان کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے، بلوچ رہنماوٴں نے رضاکارانہ طور پر پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا، بلوچستان کی ثقافت ، تاریخ اور روایات اسے منفرد بناتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے، افسوس کہ بلوچستان کی دولت اب بھی زمین کے اندر دفن ہے، گزشتہ دہائیوں میں بلوچستان کو نظر انداز کرنا خود احتسابی کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام ہمیشہ کشادہ دل اور مہمان نواز رہے ہیں، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی مجموعی خوشحالی سے جڑی ہے، بلوچستان میں مختلف برادریوں کے درمیان دیرپا ہم آہنگی قائم رہی، وفاق کی روح باہمی قربانی اور بھائی چارے میں پوشیدہ ہے۔ صوبے کی جغرافیائی ساخت ترقی کے سفرمیں چیلنج بن گئی ہے، دوردرازآبادیوں تک بجلی وپانی کی فراہمی اہم مسئلہ ہے، 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے تاریخی قربانی دی، صوبوں کیدرمیان اتفاق رائے مضبوط پاکستان کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ادارے قیام امن کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، 2018 میں ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا تھا، بلوچستان و دیگر علاقوں میں دہشتگردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی تا چمن شاہراہ پر روز حادثات میں جانوں کا ضیاع ہورہا ہے
، ہم چاہتے ہیں کہ خونی روڈ کو امن کی سڑک میں تبدیل کردیا جائے، ساڑھے 300 ارب روپے کے تخمینے سے شاہراہ کو دو رویہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اتحاد، محبت اور عزم سے بلوچستان سے پشاور تک ترقی ممکن ہے، بلوچستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں، انہیں ترقی میں برابر شریک کرنا ہوگا، پاکستان کے تمام صوبے ایک خاندان ہیں، امن، اتحاد اور بھائی چارہ ہی ترقی کی ضمانت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وعدہ کرنا ہوگا ہم سب کو مل کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہم پہلے پاکستانی اور بعد میں صوبوں کے مکین ہیں، وہ کیا وجوہات ہیں جن کی بنا پر بدامنی پیدا ہوئی، محبت، اخوت اور یقین کے ساتھ ہمیں مل کر رہنا ہوگا، پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا ۔
Comments are closed.