عمران خان کا ایکس اکاوٴنٹ بند کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا ایکس اکاوٴنٹ بند کرنے سے متعلق درخواست 4 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق عمران خان کا ایکس اکاوٴنٹ بند کرنے سے متعلق کیس پر سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر کریں گے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا ہے، اس کے ساتھ ہی عدالت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی، سپرنٹنڈنٹ جیل اور دیگر فریقین سے بھی جواب طلب کیا ہے۔

درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ دورانِ قید بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاوٴنٹ سے مبینہ طور پر انتشاری اور اشتعال انگیز مواد پوسٹ کیا جا رہا ہے جسے فوری طور پر ہٹایا جائے اور اکاوٴنٹ کو بلاک کیا جائے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ٹوئٹس کو ہٹایا جائے اور انہیں مزید پھیلنے سے روکا جائے تاکہ عوامی امن اور ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈے کو روکا جا سکے۔

Comments are closed.