یوم سیاہ کشمیر، وفاقی وزرا اور مختلف سیاسی رہنماوں کا کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا تجدید عہد

اسلام آباد (آن لائن) یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر وفاقی وزرا اور مختلف رہنماوٴں نے کشمیری عوام کے ساتھ اپنے مکمل اتحاد اور یکجہتی کا تجدید عہد کیا ہے ۔ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت کے غیر قانونی قبضے کے بعد کشمیری عوام نے مسلسل ظلم، جبر اور انسانی حقوق کی پامالی کا سامنا کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور دیگر رہنماوٴں نے کشمیریوں کے عزم اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے ان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے یوم سیاہ کے حوالے سے کشمیری شہداء ، حریت رہنماوٴں، اسیران اور مظلوم خاندانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھارت نے 1947 سے اب تک مقبوضہ وادی کو ظلم، جبر اور ریاستی دہشت گردی کا عقوبت خانہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کے حقوق کی مسلسل خلاف ورزی پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا اور پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر عالمی فورم پر جاری رکھے گا۔ وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور بھارت کے ظلم کے باوجود کشمیری عوام کا عزم قائم ہے۔ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے ضروری قرار دیا اور عالمی برادری سے بھارت کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔

اس کے علاوہ، وفاقی حکومتِ کے مختلف وزراء نے کشمیر کے مسئلے کو پاکستان کی شہ رگ اور قومی تشخص کی علامت قرار دیتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے بھی پاکستان کی کشمیری عوام کے حق میں جدوجہد کی حمایت کی۔مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے موقع پر راولپنڈی میں ضلع انتظامیہ نے یکجہتی واک کا انعقاد کیا جس میں شہریوں، طلباء اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اس واک کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرانا تھا۔ پاکستا نی حکومت اور عوام نے ایک بار پھر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت اور ان کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کا عہد کیا اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے کی قوت سے عالمی سطح پر اپنی آواز بلند کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

Comments are closed.