چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا بنگلہ دیش کا دورہ، دفاعی و سلامتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

ڈھاکا / راولپنڈی (آن لائن) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی احترام و خودمختار برابری کی بنیاد پر ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ کیا ۔ جہاں انہوں نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔

دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور باہمی روابط کو فروغ دینا تھا۔دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ناظم الحسن، چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل حسن محمود خان اور آرمڈ فورسز ڈویڑن کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں بدلتی ہوئی عالمی و علاقائی صورتحال، سلامتی چیلنجز اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے مختلف پہلووٴں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی احترام و خودمختار برابری کی بنیاد پر ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان عسکری سطح پر روابط بڑھانے اور دفاعی و سلامتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سلہٹ میں واقع اسکول آف انفینٹری اینڈ ٹیکٹکس کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے فیکلٹی اور طلبہ سے ملاقات کی۔ بنگلہ دیشی افواج کے ہیڈکوارٹرز آمد پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بنگلہ دیش کی سول و عسکری قیادت نے پاک افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تجربے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Comments are closed.