نیشنل پولیس اکیڈمی پولیس فورس کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اکیڈمی کو جدید سہولیات سے آراستہ ادارہ بنائیں گے، محسن نقوی
اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کیا اور اکیڈمی کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے زیرِ تعمیر گیارہ منزلہ ہاسٹل بلڈنگ کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو پانچ ماہ کی مقررہ مدت میں معیار اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے۔دورے کے دوران وزیر داخلہ نے آفیسرز میس کا بھی معائنہ کیا اور زیرِ تربیت افسران کے لیے تیار کھانا کھا کر اس کا معیار چیک کیا ۔ محسن نقوی نے اکیڈمی کے سپورٹس کمپلیکس کا بھی دورہ کیا اور اس کی از سرِ نو بحالی کی ہدایت دی۔
وزیر داخلہ نے فائرنگ سیمولیشن روم کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے تاکہ تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی پولیس فورس کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ بہترین تربیت یافتہ افسران ہی عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔ ہم اکیڈمی کو جدید سہولیات سے آراستہ ادارہ بنائیں گے۔اس موقع پر چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو تعمیراتی کاموں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گیارہ منزلہ عمارت کے سٹرکچر ورک میں تیسری منزل کی چھت تک کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی تعمیراتی مراحل شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔دورے کے دوران کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ممبر سی ڈی اے اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
Comments are closed.