ڈی جی امیگریشن کا سوشل میڈیا پر پاکستانی پاسپورٹ کے حوالے سے گردش کرنے والی مختلف افواہوں اور من گھڑت تصاویر کا سخت نوٹس
اسلام آباد ( آن لائن) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس سوشل میڈیا پر پاکستانی پاسپورٹ کے حوالے سے گردش کرنے والی مختلف افواہوں اور من گھڑت تصاویر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پاسپورٹ کے فرنٹ کور پیج پر کسی قسم کی تبدیلی کی تردید جاری کر دی ہے۔محکمہ پاسپورٹس کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ کے فرنٹ کور پیج پر کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر جعلی اور گمراہ کن ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ قومی پاسپورٹ میں صرف سیکورٹی فیچرز کی بہتری کے لیے چند معمولی ترامیم کی گئی ہیں تاکہ پاسپورٹ کو جدید عالمی معیار کے مطابق محفوظ بنایا جا سکے، تاہم ڈیزائن، رنگ یا کور پیج میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں اور تصدیق شدہ معلومات کے لیے صرف محکمہ کی آفیشل ویب سائٹ یا سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کے حوالے سے منفی پراپیگنڈہ پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments are closed.