صدر، وزیراعظم ، وزیرداخلہ‘ سپیکر کا بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (آن لائن) صدرآصف علی زرداری،وزیراعظم شہبازشریف ‘وزیرداخلہ محسن نقوی اور سپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق نے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خلاف دو الگ الگ کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوے ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں چلتن اور بولیدہ میں آپریشنز میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 18 دہشت گردوں کے ہلاک ہونے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم و حوصلے کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے بھی کرم میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے جرات اور بہادری سے سات دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا کر وطنِ عزیز کو ایک بڑے سانحے سے بچایا۔ اسپیکرنے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن نعمان سلیم، حوالدار امجد علی، نائیک وقاص، سپاہی ولید، شہباز اور اعجاز علی شاہ کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے 18 دہشت گردوں کی ہلاکت کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں قابلِ فخر ہیں۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے دو آپریشنز میں 18 بھارتی پراکسی دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی جرات و بہادری کو سراہا۔ صدر نے کہا کہ چلتن پہاڑ، کوئٹہ میں 14 اور کیچ کے علاقے بلیدہ میں 4 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

Comments are closed.