افغانستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کو مستحکم بنانے کے لیے استنبول میں اہم اجلاس، تمام فریقین کا جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق
دوحہ (آن لائن) افغانستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کو مستحکم بنانے کے لیے استنبول میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قطر اور ترکیہ نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔ قطر کی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ اجلاس 25 سے 30 اکتوبر تک استنبول میں جاری رہا، جس میں تمام فریقین نے جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق اجلاس میں فریقین نے جنگ بندی کی نگرانی کے لیے ایک موٴثر نظام قائم کرنے اور خلاف ورزی کی صورت میں سزا کے اصول طے کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ مزید برآں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 6 نومبر کو استنبول میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوگا،
جس میں جنگ بندی کی مزید تفصیلات اور لائحہ عمل پر گفتگو کی جائے گی۔قطری وزارتِ خارجہ نے ترکیہ کا شکریہ ادا کیا، جس نے اجلاس کی میزبانی کی اور اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں ممالک کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں امن کے نئے امکانات کے دروازے کھلے ہیں، اور اس اجلاس کو ایک اہم سنگ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
Comments are closed.