ایبٹ آباد (آن لائن) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف موٴثر اقدامات کیے ہیں اور پاک فوج دفاع وطن کے لیے پرعزم ہے۔ کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب سخت اور شدید ہوگا۔ ڈی جی آئی ایس پی آرنے ایبٹ آباد میں مختلف جامعات کے اساتذہ اور طلبا سے ایک خصوصی نشست کے دوران اہم قومی اور فوجی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس نشست میں اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے ملکی سیکیورٹی صورتحال، حالیہ پاک افغان کشیدگی اور معرکہ حق جیسے موضوعات پر سوالات اٹھائے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان نے دہشتگردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف موٴثر اقدامات کیے ہیں اور پاک فوج دفاع وطن کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب سخت اور شدید ہوگا۔اساتذہ اور طلبا کی جانب سے پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی، ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ محاذِ اول پر ہوتی ہے اور ہم اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اسی طرح، طلبا نے اس نشست کو بہت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج انہیں سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف پھیلائی جانے والی غلط افواہوں کے بارے میں درست معلومات حاصل ہوئیں، جس سے ان کے ذہنوں سے ملکی حالات اور افواجِ پاکستان کے حوالے سے ابہام دور ہوئے۔اساتذہ نے کہا کہ دشمن عناصر نے ہمارے بچوں کے ذہنوں کو گمراہ کرنے کی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں، اس لیے یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو درست اور مصدقہ معلومات فراہم کریں۔ اس نشست نے ایک بار پھر پاکستانی عوام کے اندر افواجِ پاکستان کے لیے محبت اور احترام کے جذبات کو مزید تقویت دی۔
Comments are closed.