پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مزید موٴخر، الیکشن کمیشن نے جنوری 2026 تک مہلت دے دی

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں جمعہ کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، اور بروقت حلقہ بندی کے لیے پنجاب حکومت کو تمام درکار معلومات، نقشہ جات اور رولز فراہم کرنا ہوں گے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کو بتایا کہ حکومتِ پنجاب بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ ہے اور حلقہ بندی رولز کا ڈرافٹ الیکشن کمیشن کو فراہم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کنڈکٹ آف الیکشن رولز کا مسودہ 15 نومبر تک الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا۔ درجہ بندی نوٹیفکیشنز 22 دسمبر تک فراہم کیے جائیں گے۔ یونین کونسلوں کے نوٹیفکیشنز 31 دسمبر تک ارسال کیے جائیں گے۔ تمام اداروں کے مصدقہ نقشہ جات 10 جنوری 2026 تک جمع کرائے جائیں گے۔

چیف سیکرٹری کے مطابق، ان تمام دستاویزات کی فراہمی کے بعد الیکشن کمیشن حلقہ بندی کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر سکے گا۔الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ تمام امور طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مزید تاخیر نہ ہو۔

Comments are closed.