اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغان حکومت ٹی ٹی پی و دیگر گروہوں کے خلاف موٴثر کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کیلئے تیار ہے۔ کوئی ملک تنہا ترقی نہیں کرسکتا، ہماری قسمتیں ایک دوسرے سے جڑی ہیں۔ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن و سلامتی و ترقی کے موضوع پرپارلیمانی رہنماوٴں کو ایک پلیٹ فورم پر لانا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے، امن واستحکام ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔
سپیکرز، پارلیمنٹیرینز اورشرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان نے کئی بار امن دشمن کارروائیوں کا سامنا کیا، ہم نے ہمیشہ استحکام اوردفاع وطن میں عزم کا مظاہرہ کیا، ہماری مسلح افواج نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا کو دکھایا پاکستان اپنی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر قیمت ادا کرے گا، پاکستان اورافغانستان کے درمیان بات چیت میں تعاون پر بردارممالک کو سراہتے ہیں، افغان حکومت ٹی ٹی پی ودیگر گروہوں کیخلاف موٴثر کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پرامن اورمستحکم افغانستان ہی علاقائی رابط، ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے، شدت پسند گروہ افغانستان اوراس کے باہرامن کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ مظلوم اقوام کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ترقی اسی معاشرے میں ممکن ہے جہاں امن اورسلامتی ہو، دنیا بھر میں جاری تنازعات نے امن کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے، امن و ترقی لازم وملزوم ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جامع معاشی اصلاحات کا آغاز کیا ہے، پائیدارترقی،ادارہ جاتی مضبوطی،خواتین ونوجوانوں کو بااختیار بنانے اورمساوی مواقع یقینی بنارہے ہیں، ایس ایم ایز کیفروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے اورمالی سہولیات دینے پر خصوصی توجہ دی ہے، پاکستان عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر مالیاتی اصلاحات لارہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سرمایہ کاری میں آسانی اورماحولیاتی استحکام کے لیے کام کررہے ہیں، کوئی ملک تنہا ترقی نہیں کرسکتا، ہماری قسمتیں ایک دوسرے سے جڑی ہیں، پارلیمان عوام کی امانت اورامیدوں کی محافظ ہے، عوام کے خوابوں اورتوقعات کو حقیقت میں بدلنے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے کانفرنس میں دانشمندانہ گفتگو ہمارے اجتماعی سفر کو مزید مستحکم کرے گی، خواہش ہے کہ دنیا کی تمام اقوام امن،ترقی اورمشترکہ خوشحالی کے لیے متحد ہوں، ایک ایسا مستقبل تشکیل دیا جائے جو پائیدارامن اورانسانی ترقی پر مبنی ہو۔
Comments are closed.