پاکستان عالمی سطح پر امن و ترقی کے فروغ کے لیے متحرک کردار ادا کر رہا ہے، سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد ( آن لائن) چیئرمین سینیٹ و بانی چیئرمین انٹرپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے پاکستان عالمی سطح پر امن و ترقی کے فروغ کے لیے متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔ دنیا کو درپیش غیر یقینی حالات، تنازعات اور ماحولیاتی بحرانوں کے دور میں پارلیمان کو رہنمائی کا کردار ادا کرنا ہوگا۔امن، سلامتی اور ترقی ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں، اور اب وقت آگیا ہے کہ عالمی پارلیمانیں مکالمے اور تعاون کو اپنی پالیسیوں کا محور بنائیں۔

اسپیکرز کانفرنسکے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ تاریخی اجتماع دنیا بھر کے پارلیمانی رہنماوٴں کی یکجہتی، عزم اور تعاون کی علامت ہے۔ انہوں نے مہمانِ خصوصی وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف، قومی و صوبائی قیادت، غیر ملکی معزز مہمانوں، اسپیکرز، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور عالمی مندوبین کو خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت نہ صرف پارلیمان کے ادارے کے احترام کی علامت ہے بلکہ یہ پاکستان کے اس عزم کی عکاسی بھی ہے جو مکالمے، تعاون اور کثیرالجہتی روابط کے فروغ سے متعلق ہے۔ سرحدوں اور نظریات سے بالاتر ایک ایسا پیغام ہے جو پوری انسانیت کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا غیر یقینی، تنازعات، ماحولیاتی تبدیلیوں اور معاشی دباوٴ سے دوچار ہے، جب کہ غزہ، سوڈان اور مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ پارلیمان کو تقسیم شدہ دنیا میں اتحاد کی علامت بننا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کا تصور اب صرف سرحدوں کے دفاع تک محدود نہیں رہا بلکہ اس میں ماحولیاتی تحفظ، خوراک و پانی کی سلامتی، ڈیجیٹل تحفظ، اور معاشی خودکفالت بھی شامل ہیں۔ پاکستان، جو عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات بھگت رہا ہے ، یہ ایک غیر منصفانہ عالمی حقیقت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان عالمی سطح پر امن و ترقی کے فروغ کے لیے متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کیا اور اقوامِ متحدہ کے امن مشنوں میں نمایاں حصہ لیا۔

مشرقی اور شمال مغربی سرحدوں پر حالیہ اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے بردباری، ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ کیا ۔ہم نے ہمیشہ کشیدگی کم کرنے اور جامع مکالمے کی پیشکش کی ہے، لیکن امن ہمیشہ دوطرفہ سڑک ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شمالی و جنوبی دنیا کے درمیان پارلیمانی اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مشترکہ ترقیاتی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے مندوبین پر زور دیا کہ وہ وعدوں سے آگے بڑھ کر جرات مندانہ، عملی اور اجتماعی دانش پر مبنی حل تلاش کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانیں دنیا میں امن و ترقی کی ناظر نہیں بلکہ اعتماد کی معمار اور اتفاقِ رائے کی فروغ دہندہ ہیں۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے الفاظ دہراتے ہوئے کہا کہ قیادت دراصل یقین، استقامت اور نظریے پر عمل کا نام ہے۔

Comments are closed.