حکومت اور اپوزیشن آپس میں بیٹھیں گے تو راستے نکلیں گے،سردار ایازصادق

اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز نے قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن آپس میں بیٹھیں گے تو راستے نکلیں گے،اگر پہلے دن کچھ نہ نکلے بھی تو مذاکرات کا عمل جاری رکھنے سے نتائج ضرور نکلیں گے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایک موقع پر سپیکرسردار ایازصادق نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی اور کہا کہ وزیرِ اعظمِ پاکستان میاں شہباز شریف نے اس ہاؤس میں کھڑے ہو کر اپوزیشن کو بار بار مذاکرات کی دعوت دی،وفاقی وزیرِ قانون و انصاف نے بھی متعدد مرتبہ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، میں بحیثیتِ اسپیکرِ قومی اسمبلی اپوزیشن اور حکومت کے مذاکرات کی سہولت کاری کے لیے تیار ہوں۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن آپس میں بیٹھیں گے تو راستے نکلیں گے، اگر پہلے دن کچھ نہ نکلے بھی تو مذاکرات کا عمل جاری رکھنے سے نتائج ضرور نکلیں گے،

مذاکرات کے پلیٹ فارم پر حکومت اور اپوزیشن کو لانا میرا کام ہے،میں نے آپ کے لیڈر کو دو مرتبہ ہرایا ہے، اس الیکشن میں بھی میرے خلاف کوئی پٹیشن دائر نہیں ہوئی، کسی نے یہ پٹیشن بھی دائر نہیں کی کہ میرے حلقے کے انتخابی نتائج درست نہیں ہیں۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ہم عوام کے حقیقی نمائندے نہیں ہیں، اپوزیشن میری مذاکرات کی دعوت قبول کرے، نتائج یہاں سے نکلیں گے، لڑائی سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، آپ کہتے ہیں بھارت، افغانستان اور ایران سے مذاکرات کریں تو اس کے لیے بھی یہاں بیٹھنا پڑے گا۔

Comments are closed.