وفاقی وزراء کا پاک فوج کو کیڈٹ کالج وانا میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے اور طلباء کو بحفاظت ریسکیو کرنے پر خراج تحسین
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزرا نے کیڈٹ کالج وانا میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پاک فوج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاک فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں کیڈٹ کالج وانا میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، اور تمام طلباء کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی سے ناکام بنایا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وانا کے کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن نے دنیا کو پاک فوج کی صلاحیتوں سے آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج کے جوانوں نے وانا میں دہشت گردوں کو شکست دے کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اس کامیاب آپریشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے وانا میں دہشت گردوں کو عبرتناک شکست دی۔ ہم دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کے ساتھ متحد ہیں اور افغانستان سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم یکجا ہے اور ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت ایک ہی پیج پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے وانا میں دہشت گردوں کو شکست دیکر ایک شاندار آپریشن کیا۔ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے اس کامیاب آپریشن پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاک فوج پاکستان کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھ رہی ہے۔ شزافاطمہ اور حنیف عباسی نے بھی سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی تعریف کی اور کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے وانا میں دشمن کو شکست دینے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور طلباء کی جانوں کو محفوظ بنایا۔جام کمال خان نے کہا کہ مسلح افواج نے دشمن کو شکست دے کر معصوم طلباء کو بچایا، اور بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔
Comments are closed.