اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے، تاہم بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکی ہے۔پاپولیشن کونسل کی ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبادی اور معیشت کے درمیان تعلق ایک پیچیدہ مسئلہ ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے وسائل کے مناسب انتظام کی ضرورت ہے۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی نہ صرف معاشی مسائل پیدا کرتی ہے بلکہ غربت اور کچی آبادیاں بھی ایک اہم چیلنج ہیں جن کا اثر ملک کی معیشت پر پڑتا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ کچی آبادیاں حکومتی سطح پر ایک بڑا مسئلہ ہیں
، کیونکہ ان کا کوئی مستند ڈیٹا دستیاب نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے ان مسائل کا حل نکالنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے پائیدار معاشی ترقی کے لیے متوازن آبادی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی بھی عصر حاضر کا ایک اور بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست معیشت کی ضرورت ہے۔ حکومت کا عزم ہے کہ پائیدار ترقی کے راستے پر چلتے ہوئے پاکستان کو ایک ماحولیاتی طور پر ذمہ دار اور معاشی طور پر مستحکم ملک بنایا جائے۔
Comments are closed.