ادارے وطنِ عزیز کا دفاع پوری ثابت قدمی سے کر رہے ہیں،صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد(آن لائن)صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ادارے وطنِ عزیز کا دفاع پوری ثابت قدمی سے کر رہے ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک ہمارا سفر نہیں رکے گا۔اپنے الگ الگ بیانمیں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وطنِ عزیز کا دفاع پوری ثابت قدمی سے کر رہے ہیں۔

صدر زرداری نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورک کو توڑنے پر سکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ قومی اتفاقِ رائے سے کیا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کرم، خیبر پختونخوا میں فتنہ خوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیرِ اعظم نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 23 شدت پسندوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور عزم کی خصوصی طور پر تعریف کی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک ہمارا سفر نہیں رکے گا۔ سیکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیوں سے امن کی راہ ہموار کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم، بشمول خود اْن کے، وطن عزیز کے دفاع کے غیر متزلزل عزم میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیرِ اعظم نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

Comments are closed.