پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں، جبکہ کھیلوں میں تعاون نہ صرف نوجوان نسل کو قریب لاتا ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو بھی مضبوط بناتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سے سری لنکا کے نائب وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل سوگاتھ تھلا کراتھنے نے ملاقات کی، جس میں کرکٹ کے فروغ، کھیلوں میں تعاون اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں سری لنکا کے ہائی کمشنر رئیر ایڈمرل فریڈ سینویراتھنے، ڈپٹی ہائی کمشنر کرسٹی روبن اور منسٹر قونصلر (ڈیفنس) بریگیڈیئر جی اے کے آر گنارتنے بھی شریک تھے۔گفتگو کے دوران دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کھیل عوامی سطح پر روابط کے فروغ کا موثر ذریعہ ہیں، اس لیے اس شعبے میں اشتراکِ عمل کو مزید وسعت دی جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں، جبکہ کھیلوں میں تعاون نہ صرف نوجوان نسل کو قریب لاتا ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو بھی مضبوط بناتا ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ پاکستان خطے میں اسپورٹس ڈپلومیسی کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے کھیلوں میں تعاون کے فروغ پر سری لنکا کی حکومت اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سری لنکن پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے باوجود نائب وزیر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ اور بااعتماد تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ خصوصاً نوجوانوں اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون کی نئی راہیں کھولے گا۔سری لنکن وفد نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے ٹرائی نیشن سیریز کے بہترین انتظامات کی تعریف کی۔ وفد نے اسپورٹس ڈپلومیسی کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم اور میزبانی کے اعلیٰ معیار کو بھی سراہا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز ٹرائی نیشن ٹیموں کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے دوران سری لنکن کرکٹ ٹیم اور حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔سری لنکن وفد اپنے دورہ پاکستان کے دوران ٹرائی نیشن سیریز کے میچز بھی دیکھے گا۔

Comments are closed.