خیبر پختونخوا ،سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 13 خوارج جہنم واصل

راولپنڈی (آن لائن)سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری رکھتے ہوئے 13 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کامیاب کارروائیاں کی گئیں ہیں۔خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پہلا آپریشن لکی مروت کے علاقے پہاڑخیل میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس آپریشن کے دوران 10 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک شدہ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو دہشت گردوں کے مختلف حملوں میں استعمال ہونے والا تھا۔دوسرا اینٹلی جنس بیسڈ آپریشن ڈی آئی خان کے علاقے میں کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں تین مزید خوارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ اس آپریشن کے دوران بھی دہشت گردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا

، جو ان کے حملوں کی تیاری کا اشارہ تھا۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ان کارروائیوں کے بعد ان علاقوں میں سینٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ دہشت گردوں کے باقی ماندہ نیٹ ورکس کو بے نقاب اور ختم کیا جا سکے۔پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے اپنی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ "عزمِ استحکام” کے تحت یہ کارروائیاں نہ صرف پاکستان کی سرزمین بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی اہم ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو ختم کرنے کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، ان دہشت گرد گروپوں کا خاتمہ جاری رکھا جائے گا جو بھارت کی حمایت حاصل کیے ہوئے ہیں اور پاکستان کی داخلی سلامتی کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور اس عزم کو مزید مستحکم کیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کو کسی بھی صورت میں چھوٹ نہ دیں گے۔ ان کارروائیوں کا مقصد پاکستان کی سرزمین کو دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنا ہے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے

Comments are closed.