پاکستان نے پاک فوج کی ایلیٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم سری لنکا روانہ کر دی

اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان نے مشکل گھڑی میں سری لنکا کی بھرپور مدد کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کی ایلیٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو سائیکلون دتوا سے ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد امدادی سرگرمیوں کے لیے روانہ کر دیا ہے۔ پاک فضائیہ کے خصوصی سی 130 طیارے کے ذریعے ٹیم کولمبو پہنچ گئی جہاں وہ فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں حصہ لے گی۔پاکستان کی امدادی کوششوں کا سلسلہ پہلے ہی جاری تھا، پاک بحریہ اور ایوی ایشن یونٹس سری لنکا میں نگرانی، میڈیکل ایویکیویشن اور ریسکیو مشنز میں مصروف ہیں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے دو سو ٹن امدادی سامان کنٹینر شپ کے ذریعے روانہ کیا جا چکا ہے، جبکہ کولمبو سے لاہور آنے والی سری لنکن ایئرلائنز کی پروازوں کے ذریعے مزید سامان بھیجنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔وزیراعظم نے گزشتہ روز سری لنکن صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ وہ انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور ملائشیا کی قیادت سے بھی خطے کی صورتحال پر مسلسل رابطے میں ہیں۔سری لنکن صدر کی درخواست پر پاکستان متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے پاک فوج کا فولڈنگ بریج اور دیگر ضروری آلات بھی فراہم کرے گا۔ این ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ رکاوٹوں کے باوجود سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ترسیل بلا تعطل جاری رکھی جائے گی۔

Comments are closed.