اسلام آباد (آن لائن) وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے پاکستان میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور ریلوے کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی کمرشل کونسلر محترمہ کمالی مقدم بھی اس ملاقات میں شریک تھیں۔ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی تعاون اور حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران کے مضبوط تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔
فریقین نے اس سال تین ملکی (استنبولتہراناسلام آباد) ٹرین کو دوبارہ بحال کرنے پر اتفاق کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سفری سہولتوں میں اہم کردار ادا کرے گی۔وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستانایران تجارت میں اضافہ ریلوے ریونیو اور قومی معیشت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم کے وڑن کے مطابق علاقائی روابط کا فروغ اور خطے کو ریلوے کے ذریعے جوڑنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ایرانی سفیر نے وزیرِ ریلوے کو ایران کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی، جس پر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ایران میں زیارات کی سعادت حاصل کرنا ان کے لیے باعثِ شرف ہوگا، اور اس دورے کے دوران ایرانی ریلوے نظام کا جائزہ لینا بھی ان کے ایجنڈے کا حصہ ہوگا۔
Comments are closed.